اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنانی قیدی بریگیڈیئر یحییٰ سکاف کے دوستوں کی کمیٹی کے وفد نے کمیٹی کے سربراہ جمال سکاف کی قیادت میں لبنان کے علاقے بحبوش میں شہید جعفر ابراہیم سلیم کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد صالح بھی موجود تھے۔ انہوں نے شہداء اور قیدیوں کے خاندانوں کی جانب سے مزاحمت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی ثابت قدمی مزاحمت کے مؤقف اور اسرائیلی خطرات کا مقابلہ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
جمال سکاف نے شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کا مقصد ان لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا قرار دیا جو لبنان کی عزت اور وقار کے دفاع کے لیے صفِ اول میں کھڑے رہے۔
انہوں نے شہدائے مزاحمت، بالخصوص شہید سید حسن نصراللہ اور دیگر شہید کمانڈروں اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں نے لبنان کو اسرائیلی قبضے اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جمال سکاف نے لبنان کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے چوکس رہیں اور قومی اتحاد کے ساتھ فوج، عوام اور مزاحمت کے سنہری اتحاد کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ اتحاد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق فلسطین، جنوبی لبنان اور شام میں شہریوں کے خلاف اسرائیلی حملوں نے اس اتحاد کو برقرار رکھنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ واضح کردی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے شہید جعفر سلیم کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہید کے اہل خانہ کو تعریفی شیلڈ بھی پیش کی گئی اور لبنان کے دفاع میں ان کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ